اهم خبریں

دنیا بھر کے مسلمان متحد ہوکر فلسطین کا ساتھ دیں، آیت اللہ یعقوبی

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے فلسطینوں پر صیہونیوں کے بدترین حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فوری طور فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے جنگیں فوجوں کے درمیان ہوتی ہیں نہ کہ عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر لڑی جاتی ہیں۔

آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو فلسطینیوںپر ڈھائی جانیوالی قیامت کیخلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ صیہونی اپنی حرکات سے باز آئیں انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کی خاموشی سے اسرائیل میں اتنی جرات پیدا ہوگئی ہے کہ تمام تر جنگی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کبھی اسپتالوں پر تو کبھی پناہ گزین کیمپوں پر حملے کر رہا ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی کا کہنا تھا کہ وقت آ چکا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان متحد ہوکر فلسطین کا ساتھ دیں اور مسلمانوں پر ہونیوالی بربریت کا خاتمہ یقینی بنائیں۔اسرائیل کی غزہ کے اسپتال پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ یہ ایک منظم ریاستی دہشتگردی اور جنگی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ جو ظلم اس سرزمین پر جاری ہے اس کے بعد فلسطین کی آزادی کے فیصلہ کن لمحات آن پہنچے ہیں۔

آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک نے دلیرانہ موقف نہ اپنایا تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ اہل فلسطین جانوں پر کھیل کر مسجد اقصیٰ کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے ہسپتال پرہونے والے حملے کے حقائق فوری طور پر سامنے لائے جائیں ۔ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہیں اور طاقت کا اندھا دھند استعمال جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران موجودہ صورتحال میں چپ کا روزہ توڑ کر مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے موثر حکمت عملی اپنائیں ۔

آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک35سو سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ غزہ کی مکمل ناکہ بندی سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے مزید کہا کہ اسرائیل چھوٹے چھوٹے بچوں کو مار رہا ہے جسے نسل کُشی ہی کہا جاتا ہےاور ایسے موقع پر اقوام عالم کی خاموشی نیا بحران پیدا کرسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف اسرائیل نے فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے اور زمین کامزید دائرہ کم ہوتا جا رہا ہے اور اُس پر بھی اسرائیل فلسطینیوں کا مزید قتل عام کر رہا ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے کہا کہ اس وقت فلسطینیوں کا کھانا پینا بند کردیا گیا جو اسرائیل کی خاص ذہنیت کی عکاسی ہے انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان عملی طور اقدامات نہیں اُٹھائیں گے تو مستقبل قریب میں تمام مسلم دنیا اس کی زد میں آئے گی اور ایسے وقت میں پچھتاوے کے علاوہ کچھ بھی باقی نہیں رہیگا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button